Neki Ki Raah Me Kharch Karna.
رزق میں کشادگی کے شرعی اسباب. (Part 05)
5- نیکی کی راہ میں خرچ کرنا:
قرآن مجید میں اللہ تعالی کا فرمان ہے:
"وما أنفقتم من شئ فهو يخلفه وهو خير الرازقين."(سورة سبأ:39)
*"اور تم جو کچھ خرچ کروگے وہ اس کا بدلہ دےگا اور وہ سب سے بہتر رزق دینے والا ہے۔"*
یعنی تم نیکی کی راہ میں جو کچھ بھی خرچ کروگے اس کے بدلے اللہ تعالی تمہیں دنیا میں مزید نعمتوں سے نوازےگا، مال میں اضافہ اور رزق میں برکت عطا کرےگا، نیز آخرت میں بھی اجر عظیم اور ثواب جزیل دےگا۔
✍ حدیث قدسی میں اللہ تعالی کا فرمان ہے:
"يا ابن آدم! أنفق أنفق عليك."(صحيح البخاري:4684 مسلم:993)
*"اے آدم کے بیٹے! تو خرچ کر، میں تجھ پر خرچ کروں گا۔"*
یعنی اے میرے بندے! تو نیکی کی راہ میں خرچ کر، میں تیری حاجت، ضرورت اور مصلحت میں خرچ کروں گا اور تیرے رزق میں برکت اور مال میں اضافہ کروں گا۔
✍ اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
"ما من يوم يصبح العباد فيه إلا ملكان ينزلان فيقول أحدهما: اللهم أعط منفقا خلفا ويقول الآخر: اللهم أعط ممسكا تلفا."(صحيح البخاري:1442 صحيح مسلم:1010)
*"ہر دن جس میں لوگ صبح کرتے ہیں، دو فرشتے نازل ہوتے ہیں، ان میں سے ایک یہ دعا کرتا ہے کہ "اے اللہ! جو (مال) خرچ کرتا ہے اس کو (بہترین) بدلہ عطا کر" اور دوسرا یوں بد دعا کرتا ہے کہ "اے اللہ! جو خرچ نہیں کرتا ہے (اس کے مال کو) تلف کر دے۔"*
یعنی اے اللہ! جو شخص نیکی کی راہ میں اپنا مال خرچ کرے اس کے مال میں اضافہ کر، رزق میں برکت دے اور اس کو اجر وثواب سے نواز، اور جو شخص نیکی کی راہ میں اپنا مال خرچ نہ کرے اس کے مال کو تباہ وبرباد کر، یا اس کے مال میں برکت نہ دے۔
✍ معلوم ہوا کہ نیکی کی راہ میں خرچ کرنے سے آخرت میں اجر وثواب ملنے کے ساتھ دنیا میں بھی نعمتیں اور خوشیاں ملتی ہیں، مال میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور رزق میں برکت ہوتی ہے۔
*نوٹ:* نیکی کی راہ میں خرچ کرنے سے مراد ہے:
✍ واجبی امور میں خرچ کرنا جیسے زكاة ادا کرنا، اہل وعیال اور والدین پر خرچ کرنا۔۔۔
اور مستحب امور میں خرچ کرنا جیسے نفلی صدقات وخیرات کرنا، فقیروں، مسکینوں، یتیموں، بیواؤں اور دیگر محتاجوں پر خرچ کرنا، مساجد کی تعمیر، دعوت دین، علم دین کی نشر واشاعت، راہ جہاد اور دیگر خیر وبھلائی کے مصارف میں خرچ کرنا۔
✍ مذکورہ مصارف میں مال کے علاوہ علم، وقت، اور محنت و توانائی صرف کرنا اور سماجی وسیاسی اثر ورسوخ کا استعمال کرنا بھی نیکی کی راہ میں خرچ کرنا شمار ہوگا۔
✍ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں نیکی کی راہ میں خرچ کرنے کی توفیق دے، اور اس کے بدلے دنیا میں ہمارے مال میں برکت و اضافہ اور رزق میں کشادگی و فراوانی عطا فرمائے اور آخرت میں بے انتہا اجر وثواب سے نوازے۔
آپ کا بھائی: افتخار عالم مدنی
اسلامک گائڈینس سنٹر "جبیل سعودی عرب"
No comments:
Post a Comment