find all Islamic posts in English Roman urdu and Hindi related to Quran,Namz,Hadith,Ramadan,Haz,Zakat,Tauhid,Iman,Shirk,daily hadith,Islamic fatwa on various topics,Ramzan ke masail,namaz ka sahi tareeqa

Ehraam Ki Sunnatein Kaun Kaun Si Hai?

Ehraam Ki Sunnatein kya Hai?
1۔ غسل کرنا:    مرد وعورت دونوں کے لئے احرام سے پہلے غسل کرنا مستحب ہے۔(دیکھئے:صحیح  الترمذی:830)
یہاں تک کہ حیض ونفاس والی عورت کو بھی احرام سے پہلے غسل کرنا چاہئے۔(دیکھئے:صحیح مسلم:1218)
2۔ بدن میں خوشبو لگانا۔
مرد کے لئے احرام سے پہلے بدن میں خوشبو لگانا مستحب ہے۔ (دیکھئے:صحیح مسلم:1191)
اگر احرام کے بعد بھی خوشبو کا اثر باقی رہتا ہے تو کوئی حرج نہیں ہے۔(دیکھئے:صحیح بخاری:1438 صحیح مسلم:1190)
احرام کے لباس میں خوشبو لگانا جائز نہیں ہے۔ (دیکھئے: صحيح البخاري:1838 صحيح مسلم:1177)
3۔ بعض اہل علم نے حسب ضرورت، بغرض صفائی وستھرائی اور بطور احتیاط احرام سے پہلے بغل کے بال اور زیر ناف صاف کرنے نیز مونچھ کترنے اور ناخن تراشنے کو بھی مستحب قرار دیا ہے۔
4۔ مرد کو احرام کے لئے سلے ہوئے کپڑے اتار کر ایک (سفید) تہبند اور ایک (سفید) چادر نیز دو جوتے یا چپل پہننا چاہئے۔ (دیکھئے: مسند احمد: 4899 صحیح ابن خزیمہ:2601)
اگر احرام کے لئے سفید لباس میسر نہ ہو تو رنگین بھی جائز ہے۔
اگر کسی کو احرام کے لئے تہبند میسر نہ ہو تو پاجامہ اور جوتے دستیاب نہ ہوں تو موزہ پہن سکتا ہے۔(دیکھئے:صحیح بخاری:1841،1843 صحیح مسلم:1179)
✍ عورت کے احرام کے لئے کسی خاص نوعیت یا رنگ کا لباس مقرر نہیں ہے، چنانچہ وہ اپنے معمول کے کسی بھی لباس میں احرام باندھ سکتی ہے بشرطیکہ اس میں بے پردگی اور مرد کی مشابہت نہ ہو اور نہ وہ زینت کا لباس ہو۔
عورت احرام کی حالت میں نقاب اور دستانے نہیں پہن سکتی ہے۔ (دیکھئے: سنن ابو داود:1826)
البتہ اپنے چہرے اور ہتھیلیوں کو اوڑھنی یا دو پٹہ یا کسی اور کپڑے سے ڈھانک سکتی ہے۔
5۔ کسی فرض نماز کے بعد احرام باندھنا مستحب ہے۔
(دیکھئے: صحيح مسلم: 1218 صحيح البخاري: 1524)
اگر فرض نماز کا وقت نہ ہو تو بقول بعض اہل علم تحية الوضوء کی نیت سے دو رکعت نماز پڑھی جا سکتی ہے۔
اور مستحب ہے کہ سواری پر بیٹھنے کے بعد احرام باندھے۔(دیکھئے:صحیح بخاری:166 صحیح مسلم:1187)
پھر اگر عمرہ کی نیت ہے تو "لبيك عمرة" کہے، اگر حج کی نیت ہے تو "لبيك حجا" کہے، اور اگر حج و عمرہ دونوں کی نیت ہے تو "لبيك عمرة وحجا" کہے۔ اور اگر کسی اور کی طرف سے ہے نسک کی نیت ہے تو اس کا نام بھی لے جیسے کہے "لبيك عن محمد"۔
واضح رہے کہ مذکورہ بالا الفاظ تلبیہ ہیں نیت نہیں ہیں۔ اگر کسی نے تلبیہ نہ بھی کہا تو اس نے جو دل میں نیت کی ہے وہ کافی ہوگا۔
✍ عمرہ کرنے والے کو احرام باندھنے سے لے کر طواف شروع کرنے تک تلبیہ پڑھنا چاہئے۔
اور حج کرنے والے کو احرام باندھنے سے لے کر 10 ذی الحجہ کو جمرہ عقبہ کو کنکریاں مارنے تک تلبیہ پڑھنا چاہئے۔(دیکھئے: صحیح البخاري:1544 صحيح مسلم: 1281)
✍ تلبیہ کے چند ایک کلمات وارد ہوئے ہیں، ان میں سے ایک مشہور یہ ہیں: *"لبيك اللهم لبيك، لبيك لا شريك لك لبيك، إن الحمد والنعمة لك والملك، لا شريك لك."*
✍ مرد حضرات کے لئے بلند آواز میں تلبیہ پڑھنا مسنون ہے کیونکہ تلبیہ حج کا اہم شعار ہے۔خواتین کے لئے بھی تلبیہ پڑھنا مسنون ہے لیکن پست آواز میں۔
✍ اگر کسی کو بیماری یا کسی اور وجہ سے یہ خوف لاحق ہو کہ وہ حج یا عمرہ پورا نہ کر سکےگا تو اس کو احرام کے وقت یہ شرط لگا لینی چاہئے کہ "اللهم محلي حيث حبستني" یعنی اے اللہ میں وہیں حلال ہو جائوں گا جہاں تو نے مجھے روک دیا۔
اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ حج یا عمرہ پورا کرنے سے پہلے احرام کا لباس اتار دینے پر کوئی فدیہ یا دم واجب نہیں ہوگا۔
✍ احرام کے وقت ہی اضطباع یعنی احرام کی چادر کو دائیں کندھے کے نیچے سے نکال کر بائیں کندھے پر ڈال لینا درست نہیں ہے۔ یہ صرف طواف قدوم یا طواف عمرہ کے دوران ہی مسنون ہے۔
🌱بچے کا احرام:
اگر بچہ سن شعور کو پہنچ چکا ہو تو وہ خود احرام باندھے اور حج وعمرہ کے اعمال میں سے جس عمل کی استطاعت ہو اسے بھی خود انجام دے اور جس کی استطاعت نہ ہو اسے اس کا ولی انجام دے۔
اور اگر بچہ سن شعور کو نہ پہنچا ہو تو اس کا ولی اس کی طرف سے احرام باندھے اور سارے اعمال کو انجام دے۔ سوائے نماز کے کہ نماز میں نیابت درست نہیں ہے۔
اگر ولی طواف اور سعی میں کم سن اور بے شعور بچے کو اٹھائے رکھے تو اس بچے کا بھی طواف ہو جائےگا۔
اگر کم سن اور بے شعور بچہ محظورات احرام میں سے کسی کا ارتکاب کر بیٹھے اس پر کوئی فدیہ نہیں ہے۔ 
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آپ کا بھائی:   افتخار عالم مدنی
اسلامک گائڈینس سنٹر  جبیل سعودی عرب

Share:

No comments:

Post a Comment

Translate

youtube

Recent Posts

Labels

Blog Archive

Please share these articles for Sadqa E Jaria
Jazak Allah Shukran

Most Readable

POPULAR POSTS