*سوا ل : کیا صرف قرآن مجید کو دیکھنے سے ثواب ملتا ہے؟*
*جواب از : عمران احمد سلفی*
*داعی و مبلغ اسلامک دعوہ سنٹر طائف سعودی عرب*
*______________________________________*
اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے قرآن مجید کی تلاوت پر اجر کا وعدہ کیا ہے " عن عَبْد اللَّهِ بْن مَسْعُودٍ، قال: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: مَنْ قَرَأَ حَرْفًا مِنْ كِتَابِ اللَّهِ فَلَهُ بِهِ حَسَنَةٌ ، وَالحَسَنَةُ بِعَشْرِ أَمْثَالِهَا، لَا أَقُولُ الم حَرْفٌ، وَلَكِنْ أَلِفٌ حَرْفٌ وَلَامٌ حَرْفٌ وَمِيمٌ حَرْفٌ " *ترجمہ :* "حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا :جس نے کتاب اللہ کا ایک حرف پڑھا اسے اس کے بدلے ایک نیکی ملے گی،اور ایک نیکی دس گناہ بڑھا دی جائے گی،میں نہیں کہتا کہ " الم " ایک حرف ہے،بلکہ " الف "ایک حرف ہے،" لام " ایک حرف ہے،اور" میم " ایک حرف ہے"۔ (جامع ترمذی/2910)۔شیخ البانی نے اس حدیث کو صحیح کہا ہے۔
لہذا یہ حدیث رسول ﷺ اس بات کی وضاحت کرتی ہے کہ قرآن مجید کی تلاوت کرنے والے کو ثواب ملتا ہے نہ کہ اس کو دیکھنے والے کو،ہاں قرآن مجید کو دیکھنے کی فضیلت کے متعلق کچھ روایتیں بیان کی جاتی ہیں جنکا حکم ہم ذیل میں بیان کر رہیں ہیں۔
*(1) حدیث :* " مصحف میں دیکھنا عبادت ہے ، اور بیٹے کا والدین کو دیکھنا عبادت ہے ، اور علی بن ابی طالب( رضی اللہ تعالی عنہ ) کو دیکھنا عبادت ہے "۔
جیسا کہ علامہ البانی رحمہ اللہ تعالی نے کہا کہ یہ حدیث موضوع ہے دیکھیں سلسلۃ احا دیث الضعیفۃ ( 1 / 531 ) ۔
*(2) حدیث :* " اپنی آنکھوں کو عبادت کا حصہ دو : قرآن میں دیکھنا ، اوراس میں غوروفکر کرنا ،اور اس میں عجائبات سے عبرت حاصل کرنا "۔ یہ حدیث بھی موضوع ہے سلسلۃ الاحادیث الضعیفۃ ( 4 / 88 ) ۔
*(3) حدیث :* " پانچ چیزیں عبادت میں سے ہیں ، کم کھانا ، مساجد میں بیٹھنا ، اور کعبہ کو دیکھنا ، اور قرآن کریم میں دیکھنا ، اور عالم دین کے چہرہ کو دیکھنا " ۔اور یہ حدیث بہت ہی زیادہ ضعیف ہے ۔ دیکھیں ضعیف الجامع الصغیر حدیث نمبر ( 2855 ) ۔
*اللہ تعالیٰ ہم سب کو کتاب و سنت کی صحیح سمجھ اور فہم عطا کرے ۔۔۔ آمین*