Apne Rab Ka Shukr Gujar Bne.
رزق میں کشادگی کے شرعی اسباب (Part 09)
9- شکر الہی:
✍ اللہ رب العالمین فرماتا ہے:
*"وسنجزي الشاكرين"*(آل عمران:145)
"اور ہم عنقریب بدلہ دیں گے شکر کرنے والوں کو ۔"*
یعنی ہم عنقریب اپنے شکرگزار بندوں کو ان کی شکر گزاری کے بدلے فضل وکرم اور اجر وثواب سے نوازیں گے۔
بے شک رزق میں کشادگی اور برکت بھی اللہ عز وجل کا فضل وکرم ہے، تو جو بندہ اس کا شکر ادا کرےگا وہ اس کو اس فضل وکرم سے ضرور نوازے گا۔
✍ اللہ تعالی مزید فرماتا ہے:
*"لئن شكرتم لأزيدنكم ولئن كفرتم إن عذابي لشديد"*(سورة ابراهيم:7)
*"اگر تم شکر کروگے تو یقینا میں تمہیں اور زیادہ دوں گا اور اگر ناشکری کروگے تو بلا شبہ میرا عذاب بھی بہت سخت ہے۔"*
یعنی اگر تم واقعی میری دی ہوئی نعمتوں پر میرا شکر ادا کروگے تو میں یقینا تمہیں مزید نعمتوں سے نوازوں گا۔ اور اگر تم میری ناشکری کروگے تو یاد رکھنا کہ میں تمہیں نعمتوں سے محروم کر کے سخت عذاب سے دوچار بھی کر سکتا ہوں۔
رزق بھی رب کی ایک عظیم نعمت ہے، لہذا اگر بندہ اس نعمت پر اس کا شکر ادا کرےگا تو وہ اس کو اپنے وعدے کے مطابق اس نعمت سے مزید نوازے گا۔ اور اگر ناشکری کرےگا تو وعید کے مطابق اس نعمت سے محروم کر کے سخت عذاب کا مزہ بھی چکھائے گا۔
✍ اسی طرح قرآن مجید کی سورہ نحل (آیت نمبر 112) میں جو *ایک بستی والے کی مثال* پیش کی گئی ہے نیز سورہ سبا (آیت نمبر 15 تا 17) میں جو *قوم سبا کا قصہ* بیان کیا گیا ہے اس سے بھی ثابت ہوتا ہے کہ رب کی شکر گزاری وفرماں برداری سے نہ صرف موجودہ روزی اور دیگر نعمتیں برقرار رہتی ہیں بلکہ آئندہ بھی مزید روزی اور نعمتوں کے ملنے کی امید بنی رہتی ہے، جبکہ اس کی ناشکری ونافرمانی سے موجودہ روزی اور دیگر نعمتیں بھی چھن جاتی ہیں اور آئندہ بھی مزید روزی اور نعمتوں سے محرومی کا اندیشہ بنا رہتا ہے۔
✍ معلوم ہوا کہ شکر الہی رزق میں کشادگی اور برکت کا بہترین ذریعہ ہے، اور اس کے بالمقابل رب کی ناشکری رزق میں تنگی اور کمی کا اہم سبب ہے۔
*نوٹ:* شکر الہی کا مطلب ہے:
✍ رب کی نعمتوں کا اعتراف کرنا، اس کا احسان مند ہونا، اس کی حمد وثنا بیان کرنا، اس کی عبادت و اطاعت کرنا، اور اس کی نعمتوں کو اس کی رضامندی میں استعمال کرنا۔
✍ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اپنی شکر گزاری وفرماں برداری کی توفیق بخشے اور ناشکری ونافرمانی سے محفوظ رکھے تاکہ ہماری زندگی خوش حال ہو اور ہمارے رزق میں برکت و فراوانی پیدا ہو۔
آپ کا بھائی: افتخار عالم مدنی
اسلامک گائڈینس سنٹر "جبیل سعودی عرب"
No comments:
Post a Comment