find all Islamic posts in English Roman urdu and Hindi related to Quran,Namz,Hadith,Ramadan,Haz,Zakat,Tauhid,Iman,Shirk,daily hadith,Islamic fatwa on various topics,Ramzan ke masail,namaz ka sahi tareeqa

Allah Tala Ke Nam Aur unke Mani. (الفتاح)

Allah Subhanahu Tala Ke Nam Aur Unke Meaning.
اللہ تعالی کے اچھے اچھے نام
20- الفتاح:
یعنی: 1- حق کے ساتھ فیصلہ کرنےوالا:
✍ اس میں اللہ تبارک وتعالی کے تمام قِسم کے فیصلے داخل ہیں خواہ وہ دنیا کے فیصلے ہوں یا آخرت کے اور چاہے وہ قضاء وقدر سے متعلق فیصلے ہوں یا دین وشریعت سے متعلق ہوں یا جزاء وسزا سے متعلق ہوں۔ اس معنی پر درج ذیل آیتیں دلالت کرتی ہیں:
{ربنا افتح بيننا وبين قومنا بالحق وأنت خير الفاتحين} (سورة الأعراف:89)
"اے ہمارے رب! تو ہمارے درمیان اور ہماری قوم کے درمیان حق کے ساتھ فیصلہ فرما دے اور تو بہترین فیصلہ کرنے والا ہے۔"
{قل يجمع بيننا ربنا ثم يفتح بيننا بالحق وهو الفتاح العليم} (سورة سبأ:26)
" آپ کہ دیجئے کہ ہمارا رب ہم سب کو جمع کرےگا پھر ہمارے درمیان حق کے ساتھ فیصلہ کرےگا اور وہی ہے خوب فیصلہ کرنے والا خوب جاننے والا۔"
{وعنده مفاتح الغيب لا يعلمها إلا هو...} (سورة الأنعام:59)
"اور اسی کے پاس غیب کی کنجیاں ہیں، انہیں اس کے سوا کوئی نہیں جانتا۔"
{أفمن شرح الله صدره للإسلام فهو على نور من ربه...} سورة الزمر:22)
"کیا وہ جس کا سینہ اللہ نے اسلام کے لئے کھول دیا ہو پس وہ اپنے رب کی طرف سے ایک نور پر ہو۔۔۔"(اس جیسا ہو سکتا ہے جس کا اسلام کے لئے سینہ تنگ اور دل سخت ہو اور وہ گمراہی کی تاریکیوں میں بھٹک رہا ہو۔)
2- رحمت اور برکت کے دروازے کھولنے والا:
✍ اس میں اللہ تبارک وتعالی کی عام اور خاص دونوں قِسم کی رحمتیں اور برکتیں شامل ہیں۔ اس معنی پر درج ذیل آیتیں دلالت کرتی ہیں:
{ما يفتح الله للناس من رحمة فلا ممسك لها وما يمسك فلا مرسل له من بعده وهو العزيز الحكيم} (سورة فاطر:2)
"اللہ جو رحمت لوگوں کے لئے کھول دے تو کوئی اسے بند کرنے والا نہیں، اور جو وہ بند کر دے تو اس کے بعد کوئی اسے جاری کرنے والا نہیں اور وہی نہایت غالب خوب حکمت والا ہے۔"
{ولو أن أهل القرى آمنوا واتقوا لفتحنا عليهم بركات من السماء والأرض...} (سورة الأعراف:96)
اگر ان بستیوں کے رہنے والے "ایمان لے آتے اور پرہیزگاری اختیار کرتے تو ہم ان پر آسمان اور زمین کی برکتیں کھول دیتے۔۔۔"
#اللہ تعالی بطور استدراج نافرمان لوگوں پر بھی آسائش وفراوانی کے دروازے کھول دیتا ہے۔
{فلما نسوا ما ذكروا به فتحنا عليهم أبواب كل شئ حتى إذا فرحوا بما أوتوا أخذناهم بغتة فإذا هم مبلسون} (سورة الأنعام:44)
پھر جب وہ لوگ ان چیزوں کو بھولتے گئے جن کی ان کو نصیحت کی جاتی تھی تو ہم نے ان پر ہر چیز کے دروازے کھول دئے یہاں تک کہ جب وہ ان چیزوں پر جو کہ ان کو ملی تھیں خوب اترانے لگے تو ہم نے ان کو اچانک پکڑ لیا پس وہ بالکل مایوس ہو گئے۔"
#اللہ تعالی بعض دفعہ بے ایمان اور نافرمان لوگوں پر عذاب کے دروازے بھی کھولتا ہے۔
{حتى إذا فتحنا عليهم بابا ذا عذاب شديد إذا هم فيه مبلسون} (سورة المؤمنون:77)
"یہاں تک کہ جب ہم نے ان پر سخت عذاب کا دروازہ کھول دیا تو وہ فوراً اسی وقت مایوس ہوگئے۔"
3- فتح ونصرت عطا کرنے والا:
✍ اس میں اللہ تبارک وتعالی کی جانب سے ملنے والی مادی اور معنوی دونوں قِسم کی فتوحات اور نصرتیں شامل ہیں۔ اس معنی پر اللہ تعالی کا یہ فرمان دلالت کرتا ہے:
إنا فتحنا لك فتحا مبينا} (سورة الفتح:1)
"بے شک ہم نے آپ کو فتح مبین عطا کیا ہے۔"
#نوٹ:
✍ معلوم ہوا کہ تمام دروازوں کا کھولنے والا اللہ ہے، وہ جس کے لئے چاہتا ہے ایمان ویقین کے دروازے کھول دیتا ہے، جس کے لئے چاہتا ہے علم وحکمت کے دروازے کھول دیتا ہے، جس کے لئے چاہتا ہے عبادت وعمل کے دروازے کھول دیتا ہے، جس کے لئے چاہتا ہے دعوت دین کے دروازے کھول دیتا ہے، جس کے لئے چاہتا ہے حکومت وبادشاہت کے دروازے کھول دیتا ہے اور جس کے لئے چاہتا ہے مال ودولت کے دروازے کھول دیتا ہے۔
✍ اسی طرح دلوں کو کھولنے والا بھی اللہ ہے، وہ جس کے سینے کو چاہتا ہے حق کی معرفت اور قبولیت کے لئے کھول دیتا ہے، جس کے دل سے چاہتا ہے جہالت وگمراہی کے پردے ہٹا دیتا ہے، جس کے دل میں چاہتا ہے علم وہدایت کا نور بھر دیتا ہے، جس کے دل پر چاہتا ہے حقائق ومعارف کو واضح کر دیتا ہے، جس کے دل سے چاہتا ہے شکوک وشبہات کو زائل کر دیتا ہے، جس کے دل کو چاہتا ہے حق وباطل میں تفریق کی بصیرت عطا کر دیتا ہے، جس کی آنکھوں کو چاہتا ہے عبرت ونصیحت کے لئے کھول دیتا ہے، جس کی زبان کو چاہتا ہے احقاق حق اور ابطال باطل کے لئے کھول دیتا ہے، جس کے ہاتھ کو چاہتا ہے تغییر منکر کے لئے کھول دیتا ہے اور جس کے ذریعے چاہتا ہے خیر وبھلائی کے کام جاری کر دیتا ہے۔
✍ اللہ تعالی کے اس مبارک نام پر ایمان رکھنے کا لازمی تقاضا ہے کہ ہدایت وتوفیق، خیر وبرکت، رزق ورحمت اور فتح ونصرت پانے کے لئے صرف اسی پر توکل کیا جائے، اسی سے امید رکھی جائے، اسی کی طرف توجہ کی جائے، اسی کو پکارا جائے، اسی کی عبادت کی جائے، اسی کا ذکر کیا جائے کیونکہ خیر کی کنجیاں اسی کے پاس ہیں، فضل اسی کے ہاتھ میں ہے، آسمان وزمین کے تمام خزانوں کا مالک وہی ہے، نیز انعام واکرام کرنے والا،

خیرات وبرکات عطا کرنے والا اور نعمتوں سے نوازنے والا بھی صرف وہی ہے۔
✍ اس لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا ہے کہ ہم جب بھی مسجد میں داخل ہوں تو یہ دعا ضرور کریں:
{اللهم افتح لي أبواب رحمتك} (صحيح مسلم:713)
"اے اللہ! تو میرے لئے اپنی رحمت کے دروازے کھول دے۔"
✍ اللہ تعالی کا یہ مبارک نام قرآن مجید میں ایک بار آیا ہے اور وہ یہ ہے:
{قل يجمع بيننا ربنا ثم يفتح بيننا بالحق وهو *الفتاح* العليم} (سورة سبأ:26)
"آپ کہ دیجئے کہ ہمارا رب ہم سب کو جمع کرےگا پھر ہمارے درمیان حق کے ساتھ فیصلہ کرےگا اور وہی ہے خوب فیصلہ کرنے والا خوب جاننے والا۔"
آپ کا بھائی:  افتخار عالم مدنی
اسلامک گائڈینس سنٹر  جبیل سعودی عرب

Share:

No comments:

Post a Comment

Translate

youtube

Recent Posts

Labels

Blog Archive

Please share these articles for Sadqa E Jaria
Jazak Allah Shukran

Most Readable

POPULAR POSTS