Allah Subhanahu Tala ke Nam Aur unke Meaning.
اللہ عز وجل کے نام اور ان کے معانی
18- #الصمد:
معنی:
✍ سید اور مالک جو سیادت اور ملکیت کے نہایت عظیم الشان، کامل ترین اور اعلی درجے پر فائز ہو۔ جو ہر چیز سے بے پروا اور ہر کسی سے بے نیاز ہو، جس کے سب محتاج ہوں اور وہ کسی کا محتاج نہیں، جس کی طرف تمام مخلوقات اپنے تمام احوال وکوائف میں متوجہ ہوتی ہوں۔ جو ہر ایک کی حاجات اور ضروریات پوری کرنے پر قادر ہو۔ جو تمام دلوں کی محبت، خوف، امید اور رغبت ورہبت کا مرکز ہو۔ جو اپنی ذات، صفات اور افعال میں کامل اور ہر نقص وعیب سے پاک ہو۔
#نوٹ:
✍ اللہ تعالی پاک اور بے نیاز ہے کھانے اور پینے سے، آرام اور راحت سے، ماں اور باپ سے، بیوی اور اولاد سے، شریک اور ساجھی سے، وزیر اور مشیر سے، معاون اور مددگار سے اور تمام حاجات وضروریات سے۔
✍ اللہ تعالی ان تمام سے پاک اور بے نیاز ہے کیونکہ یہ سب ایک طرح کی کمزوریاں اور مجبوریاں ہیں اور اللہ نہ تو کمزور ہے اور نہ ہی بے کس ومجبور، اس لئے کہ جو کمزور اور بے کس ومجبور ہوگا وہ نہ رب ہو سکتا ہے اور نہ ہی معبود برحق ہو سکتا ہے۔
✍ یہ نام اللہ عز وجل کے ان عالیشان ناموں میں سے ایک ہے جو ایک سے زائد صفات عظمت وکمال پر دلالت کرتے ہیں۔
✍ یہ اللہ سبحانہ وتعالی کے ان عظیم الشان ناموں میں سے ہے جو اللہ تعالی کے لئے خاص ہیں، لہذا اس کے سوا کسی اور پر اس کا اطلاق جائز نہیں۔
✍ اس نام پر ایمان رکھنے کا تقاضا ہے کہ بندہ یقین کرے کہ اس کا رب اس کے لئے کافی ہے، لہذا وہ اپنی حاجت روائی اور مشکل کشائی کے واسطے صرف اللہ رب العالمین کی طرف رجوع کرے، اسی کو پکارے، اسی سے فریاد کرے، اسی پر توکل رکھے اور اسی سے امید باندھے۔
✍ اللہ عز وجل کے اس نام پر ایمان رکھنے کا لازمی تقاضا یہ بھی ہے کہ بندہ اسی کو اپنا رب اور معبود مانے اور اسی کی عبادت وبندگی اور اطاعت وفرماں برداری کرے۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے:
*{أمن يجيب المضطر إذا دعاه ويكشف السوء ويجعلكم خلفاء الأرض أإله مع الله قليلا ما تذكرون}* [سورة النمل:62]
"کون ہے جو بے کس کی پکار کو جب وہ پکارتا ہے تو قبول کرتا ہے اور پریشانی کو دور کرتا ہے اور تمہیں زمین کا خلیفہ بناتا ہے، کیا اللہ کے ساتھ کوئی اور بھی معبود ہے؟ تم بہت کم عبرت ونصیحت حاصل کرتے ہو۔"
✍ اللہ سبحانہ وتعالی کا یہ نام "الصمد" قرآن مجید میں ایک بار آیا ہے۔
مثال:
{الله الصمد} [سورة الإخلاص:2]
"اللہ بے نیاز ہے۔"
آپ کا بھائی: افتخار عالم مدنی
اسلامک گائڈینس سنٹر جبیل سعودی عرب
No comments:
Post a Comment