find all Islamic posts in English Roman urdu and Hindi related to Quran,Namz,Hadith,Ramadan,Haz,Zakat,Tauhid,Iman,Shirk,daily hadith,Islamic fatwa on various topics,Ramzan ke masail,namaz ka sahi tareeqa

Allah Tala Ke Nam Aur Unke Maani. (الوهاب)

Allah Subhanahu Tala ke 99 Namo me 21 wa Nam.
اللہ تعالی کے اچھے اچھے نام🌷
21- *الوَهَّاب  یعنی: بکثرت ہبہ کرننے والا، خوب عطا کرنے والا، بہت زیادہ نوازنے والا، مانگے اور بنا مانگے دینے والا، بلا غرض اور بغیر عوض کے دینے والا۔
#وہ جو اپنے بندوں کو دنیوی واخروی رحمتیں عطا کرتا ہے، ظاہری وباطنی نعمتوں سے نوازتا ہے، اور صوری ومعنوی خیرات وبرکات عنایت کرتا ہے۔
#وہ جس کا فضل وکرم بہت عظیم، رحم وکرم بہت وسیع اور امداد وعطاء بہت جزیل ہے۔
#وہ جس کے احسانات بے شمار، نواشیں بے انتہا اور عنایات بے حساب ہیں۔
#وہ جس کی نعمتیں لامتناہی ہیں، جس کی رحمتوں اور برکتوں کا نزول متتالی اور عطیات وخیرات کا سلسلہ جاری وساری ہے۔
#وہ جس نے اہل ایمان کو ہدایت، انبیاء ورسل کو نبوت ورسالت، علماء کو علم وحکمت، بادشاہوں کو بادشاہت اور حکمرانوں کو حکومت عطا کی۔
#وہ جس نے دانشوروں کو بصیرت، عقلمندوں کو عقل، ہنرمندوں کو ہنر، عزت داروں کو عزت، دولتمندوں کو مال ودولت اور آل واولاد والوں کو آل واولاد سے نوازا۔
#وہ جس نے انسان کو دیکھنے سننے، سوچنے سمجھنے، بولنے اور پڑھنے لکھنے کی نعمتیں عطا فرمائیں۔
#وہ جس نے انسان کو حفظ وضبط، فہم وفراست، فقہ وبصیرت، افہام وتفہیم، تصنیف وتالیف، ترتیب وتلخیص، تقریر وتحریر اور خطابت وصحافت کی گوناگوں صلاحیتیں ہبہ کیں۔
✍ یوں تو اللہ تعالی نے اپنے بندوں کو بے شمار نعمتیں عطا کی ہیں لیکن کچھ نعمتیں ایسی ہیں جو قرآن مجید میں اللہ تعالی کی طرف سے بطور ہبہ کے ذکر کی گئی ہیں جیسے:
*رحمت:
{ووهبنا لهم من رحمتنا۔۔۔} (سورة مريم:50)
"اور ان سب کو ہم نے اپنی بہت سی رحمتیں عطا کیں۔۔۔"
*نبوت ورسالت اور علم وفہم: {۔۔۔فوهب لي ربي حكما وجعلني من المرسلين} (سورة الشعراء:21)
"۔۔۔پھر عطا کیا مجھے میرے رب نے حکم (یعنی نبوت، علم وفہم) اور اس نے بنایا مجھے رسولوں میں سے۔"
*بادشاہت وحکومت:
{۔۔۔و هب لي ملكا لا ينبغي لأحد من بعدي إنك أنت الوهاب} (سورة ص:35)
"۔۔۔اور تو مجھے ایسی بادشاہت (وحکومت) عطا فرما جو میرے بعد کسی کے لائق نہ ہو۔"
*نیک بیوی اور صالح اولاد:
{والذين يقولون ربنا هب لنا من أزواجنا وذرياتنا قرة أعين...} (سورة الفرقان:74)
"اور جو لوگ یہ دعا کرتے ہیں کہ اے ہمارے رب! تو ہمیں ہماری بیویوں اور اولاد سے آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما۔۔۔"
{رب هب لي من الصالحين} (سورة الصافات:100)
"اے میرے رب مجھے نیک بخت اولاد عطا فرما۔"
*نیک بھائی:
{و وهبنا له من رحمتنا أخاه هارون نبيا} (سورة مريم:53)
"اور ہم نے عطا کیا اس کو اپنی رحمت سے اس کا بھائی ہارون نبی بنا کر۔"
*اہل خانہ:
{و وهبنا له أهله ومثلهم معهم رحمة منا...} (سورة ص:43)
(اور ہم نے عطا کئے اپنی رحمت سے اس کو اس کے گھر والے اور ان کے ساتھ (مزید) ان کے برابر۔۔۔)
✍ اس مبارک نام پر ایمان کا تقاضا ہے کہ جب بھی مانگا جائے اور جو کچھ بھی مانگا جائے صرف اللہ تعالی سے مانگا جائے اور اس کے سوا کسی اور سے نہ مانگا جائے کیونکہ اسی کے ہاتھ میں سارے جہاں کی بادشاہت ہے، وہی آسمان وزمین کے تمام خزانوں کا مالک ہے اور وہی سب کچھ عطا کرنے والا ہے، وہ جس کو چاہتا ہے جو چاہتا ہے جیسے چاہتا ہے دیتا ہے، وہ جو دے اس کو کوئی روک نہیں سکتا اور جو روک لے اس کو کوئی دے نہیں سکتا:
{أم عندهم خزائن رحمة ربك العزيز الوهاب} (سورة ص:9)
"یا کیا ان کے پاس تیرے رب کی رحمت کے خزانے ہیں جو بہت ہی زبردست اور خوب عطا کرنے والاہے۔"
{ولله ملك السموات والأرض يخلق ما يشاء يخلق ما يشاء يهب لمن يشاء إناثا ويهب لمن يشاء الذكور- أو يزوجهم ذكرانا وإناثا ويجعل من يشاء عقيما إنه عليم قدير} (سورة الشورى:49-50)
"اللہ ہی کے لئے ہے آسمانوں اور زمین کی بادشاہت، وہ جو چاہتا ہے پیدا کرتا ہے، جس کو چاہتا ہے بیٹیاں عطا کرتا ہے اور جس کو چاہتا ہے بیٹے عطا کرتا ہے یا (جس کو چاہتا ہے) بیٹے اور بیٹیاں ملا کر دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے بانجھ بنا دیتا ہے، بےشک وہ خوب جاننے والا بہت قدرت والا ہے۔"
[اللهم لا مانع لما أعطيت ولا معطي لما منعت] (صحيح البخاري:844 صحيح مسلم:477)
"اے اللہ تو جو دے اس کو کوئی روک نہیں سکتا اور جو روک لے اس کو کوئی دے نہیں سکتا۔"
اس لئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے امت کے ہر فرد کو بڑی تاکید کے ساتھ یہ بنیادی تعلیم دی ہے کہ:
[...إذا سألت فاسأل الله وإذا استعنت فاستعن بالله...] (سنن الترمذي:)
"۔۔۔جب مانگو تو اللہ سے مانگو اور جب مدد طلب کرو تو اللہ سے مدد طلب کرو۔۔۔"
✍ اللہ تعالی سے دنیا اور آخرت کی ہر بھلائی مانگنی چاہئے جیساکہ قرآن مجید میں مومنوں کی صفت بیان کی گئی ہے کہ وہ اپنے رب سے یہ دعا کرتے ہیں:
{ربنا آتنا في الدنيا حسنة وفي الآخرة حسنة وقنا عذاب النار} (سورة البقرة:201)
"اے ہمارے رب! تو ہمیں دنیا میں بھی بھلائی عطا کر اور آخرت میں بھی بھلائی عطا کر اور جہنم کے عذاب سے بچا۔"
اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں بھی آیا ہے کہ آپ سب سے زیادہ یہی دعا فرماتے تھے۔ (دیک

ھئے: صحیح بخاری:6389 اور صحیح مسلم:2690)۔
اس دعا میں دنیا اور آخرت کی تمام بھلائیاں جمع ہیں اس لئے اس دعا کو جامع ترین دعائوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
✍ البتہ قرآن وحدیث میں بطور خاص جن چیزوں کی دعا مانگنے کا ذکر آیا ہے ان میں سے کچھ اہم یہ ہیں:
ایمان، رشد، ہدایت، اسقامت، عزیمت، نیکی، تقوی، علم نافع، عمل صالح، حسن عبادت، نور وبصیرت، ذکر کثیر، حسن اخلاق، قلب سلیم، قول سدید، قرة عین، تزکیہ نفس، اصلاح شان، دعاء مستجاب، رزق حلال، پاکدامنی، بےنیازی، زہد، قناعت، صبر وشکر، فضل ورحمت، خیر وبرکت، سکینت وسعادت، امن وامان، سلامتی، فتح ونصرت، عزت وکرامت، عفو وعافیت، اجر ومغفرت، رضاء الہی، ایمان سے محبت، کفر وشرک سے براءت، فسق وفجور سے کراہت، بدعت ومعصیت سے بچائو، سیئات ومنکرات سے اجتناب، شر وفتن سے حفاظت، عذاب قبر سے پناہ، فوز فلاح، جہنم سے نجات اور جنت میں داخلہ وغیرہ۔
✍ اس مبارک نام پر ایمان کا تقاضا یہ بھی ہے کہ اللہ تعالی نے جتنا اور جو کچھ بھی عطا کیا ہے اس پر قناعت کیا جائے، حکم الہی سے رضامندی کا اظہار کیا جائے اور شکر الہی بجا لایا جائے جیساکہ ابراہیم علیہ السلام نے کیا تھا:
{الحمد لله الذي وهب لي على الكبر إسماعيل وإسحاق...} (سورة ابراهيم:39)
"اللہ کا شکر ہے جس نے مجھے اس بڑھاپے میں اسماعیل واسحاق (علیہما السلام) عطا فرمائے۔۔۔"
✍ قرآن مجید میں اللہ تعالی کے اس مبارک نام کا ذکر تین بار آیا ہے:
سورہ آل عمران، آیت نمبر (8):
{ربنا لا تزغ قلوبنا بعد إذ هديتنا وهب لنا من لدنك رحمة إنك أنت الوهاب}
"اے ہمارے رب! ہمارے دل ٹیڑھے نہ کر بعد اس کے تو نے ہمیں ہدایت دی اور ہمیں اپنے پاس سے رحمت عطا فرما، بے شک تو بہت زیادہ عطا کرنے والا ہے۔"
سورہ ص، آیت نمبر (9) اور آیت نمبر (35)۔ یہ دونوں آیتیں اوپر گزر چکی ہیں۔
آپ کا بھائی:  افتخار عالم مدنی
اسلامک گائڈینس سنٹر  جبیل سعودی عرب

Share:

No comments:

Post a Comment

Translate

youtube

Recent Posts

Labels

Blog Archive

Please share these articles for Sadqa E Jaria
Jazak Allah Shukran

Most Readable

POPULAR POSTS