Khush khabri Aur Khasara Kaise Logo Ke Liye Hai?
سعادت وخوش خبری ہے اس شخص کے لئے جو لوگوں کے درمیان خیر وبھلائی نشر کرتا ہے، اور خسارہ وشرمندگی ہے اس کے لئے جو ان کے درمیان شر وبرائی کی اشاعت کرتا ہے۔
✍ اللہ تعالی کا فرمان ہے:
{إنا نحن نحيي الموتى ونكتب ما قدموا وآثارهم وكل شئ أحصيناه في إمام مبين} (يس:12)
{بےشک ہم مردوں کو زندہ کریں گے اور ہم لکھتے جاتے ہیں وہ اعمال بھی جن کو لوگ آگے بھیجتے ہیں اور ان کے وہ اعمال بھی جن کو پیچھے چھوڑ جاتے ہیں اور ہم نے ہر چیز کو ایک واضح کتاب میں محفوظ کر رکھا ہے۔}
✍ اس آیت کی تفسیر میں امام سعدی -رحمہ اللہ- کہتے ہیں:
{ہم مُردوں کو زندہ کریں گے}
یعنی "ہم تمام لوگوں کو ان کے مرنے کے بعد بروز قیامت دوبارہ زندہ کریں گے تاکہ ہم انہیں ان کے اعمال کا بدلہ دیں۔"
{اور ہم لکھتے جاتے ہیں وہ اعمال بھی جن کو لوگ آگے بھیجتے ہیں}
یعنی "ان کے اچھے برے اعمال جو وہ اپنی زندگی میں کرتے ہیں۔"
{اور ان کے وہ اعمال بھی جن کو پیچھے چھوڑ جاتے ہیں}
یعنی "ان کے اچھے برے اعمال کے آثار جن کے وجود کا وہ سبب بنتے ہیں زندگی میں بھی اور موت کے بعد بھی۔۔۔"
{اور ہم نے ہر چیز کو ایک واضح کتاب میں محفوظ کر رکھا ہے}
یعنی "ہم نے تمام اقوال وافعال اور احوال ونیات کو لوح محفوظ میں ضبط کر رکھا ہے جو تمام کتابوں کی اصل اور مرجع ہے۔"
✍ وہ اقوال واعمال جن کے اچھے آثار مرتب ہوتے ہیں:
دینی تعلیم وتربیت، وعظ ونصیحت، دعوت واصلاح، نیکی کی تلقین، برائی پر تنبیہ۔
فرائض وواجبات، سنن ونوافل، آداب واخلاق اور خیر وبھلائی کے کاموں میں پیش قدمی کرنا اور دوسروں کے لئے نمونہ بننا۔
علم کو طلبہ کے سینوں میں، کتابوں کے اوراق میں اور تحریروں وتقریروں میں محفوظ کرنا۔
مساجد کی تعمیر، دینی مدارس اور دعوتی مراکز کی تاسیس، رفاہی اداروں اور فلاحی اسکیموں کا قیام۔
✍ وہ اقوال واعمال جو برے آثار کو جنم دیتے ہیں:
اللہ پر بغیر علم کے کوئی بات کہنا۔
شرک وبدعت کے اعمال ورسومات۔
جھوٹ، فریب اور جادو وغیرہ۔
فحش فوٹوز، آڈیوز اور ویڈیوز شیئر کرنا۔
غیبت، چغل خوری اور بہتان تراشی۔
فتنوں اور افواہوں کو پھیلانا اور لوگوں میں خوف وہراس پیدا کرنا۔
مسلمانوں کا مذاق اڑانا اور انہیں ایذا پہنچانا۔
✍ یاد رہے کہ جو اچھی چیز رائج کرتا ہے اس کو اس کا اجر ملتا ہے اور قیامت تک اس پر عمل کرنے والوں کا بھی اجر ملتا ہے، اور جو بری چیز کو رواج دیتا ہے اس کو اس کا گناہ ملتا ہے اور قیامت تک اس پر عمل کرنے والوں کا بھی گناہ ملتا ہے۔
✍ اس سے جہاں دین حق اور کار خیر کی دعوت دینے والوں کی فضیلت ثابت ہوتی ہے کہ وہ تمام لوگوں میں سب سے بہتر اور برتر ہیں، وہیں باطل اور شر وفساد کی دعوت دینے والوں کی فضیحت ثابت ہوتی ہے کہ وہ سب سے گھٹیا درجے کے انسان، ایک نمبر کے مجرم اور سخت گنہگار ہیں۔
✍ لہذا اے میرے پیارے بھائی! خود احتسابی سے کام لو اور غور وفکر کرو کہ آپ کہاں ہو؟ سوشل میڈیا کا استعمال آپ کس طرح کر رہے ہو؟ آپ اپنے آگے کون سا عمل بھیج رہے ہو اور اپنے پیچھے کیسا اثر چھوڑ کر جائوگے؟
✍ آپ نہیں جانتے کہ آپ کے قول وعمل کا اثر کہاں تک پھیلےگا اور کب تک باقی رہےگا؟ اس لئے کچھ بھی کہنے اور کرنے سے پہلے خوب سوچ اور سمجھ لو، اور سوشل میڈیا پر بھی کچھ شیئر کرنے سے پہلے اس کی اچھی طرح تحقیقات کر لو۔
(مجموعات خدمة التوحيد على الواتساب)
(ترجمانی: افتخار عالم مدنی، دعوہ سنٹر، جبیل-سعودی عرب)
Home »
Social Media
» Jo Logo Ke Darmiyan Achi ya Buri Chijein Failate Hai Unhe Kya Milega? (Social Media Pe Hme Soch Samjhker Koi Message Bhejne Chahiye)
No comments:
Post a Comment