ذو الحجہ کے ابتدائی دس دنوں کی اہمیت و فضیلت
خلیجی ممالک میں آج اور برصغیر کے ممالک میں کل مغرب کے وقت سے ماہ ذو الحجہ کا آغاز ہو جائےگا ۔ان شاء اللہ۔
اس مناسبت سے اس ماہ کے پہلے دس دنوں کی اہمیت اور فضیلت پیش خدمت ہے:
✍ یہ حرمت والے دن ہیں اور ان دنوں گناہوں سے بچنے کی خصوصی و تاکیدی ہدایت آئی ہے۔ (دیکھئے: تفسیر سورہ توبہ: 36 صحیح بخاری: 3197)
اور بقول بعض اہل علم ان دنوں نیکیوں کی عظمت اور گناہوں کی سنگینیت بڑھ جاتی ہے۔
✍ ان دنوں کی اللہ تعالی نے قرآن مجید میں قسم کھائی ہے۔ (دیکھئے: تفسیر سورہ فجر:2)
اس سے ان دنوں کی اہمیت، قدر وقیمت اور عظمت شان کا اندازہ ہوتا ہے۔
✍ ان دنوں کو یہ شرف حاصل ہے کہ یہ دنیا کے تمام دنوں میں سب سے افضل دن ہیں۔ (صحیح الجامع الصغیر: 1133)
✍ یہ اللہ کے نزدیک تمام دنوں سب سے عظیم دن ہیں۔ (دیکھئے: مسند احمد: 7/224)
✍ ان دنوں کی ایک منفرد خصوصیت یہ ہے کہ ان میں دیگر تمام اسلامی عبادات کے ساتھ حج جیسی بنیادی عبادت اور قربانی جیسی عظیم سنت بھی جمع ہو جاتی ہیں۔
✍ ان دنوں کو ایک خاص اعزاز یہ حاصل ہے کہ ان میں کیا جانے والا نیک عمل اللہ کو سب سے زیادہ پسند ہے۔ (دیکھئے: صحیح بخاری: 926)
✍ ان دنوں میں کیا جانے والا عمل اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ پاکیزہ ہے۔ (دیکھئے: ارواء الغلیل:3/398)
✍ ان دنوں میں کی جانے والی نیکی کا اجر سب سے عظیم ہے۔ (دیکھئے: ارواء الغلیل: 3/398)
✍ ان دنوں میں ایک دن *"عرفہ کا دن"* ہے جس دن عرفہ(کے میدان) میں وقوف کرنا (ٹھہرنا) حج کا سب سے عظیم رکن ہے۔ (دیکھئے: سنن ابو داود: 1449 سنن ترمذی: 814)
جس دن اللہ تعالی اپنے بندوں کو سب سے زیادہ جہنم سے آزاد کرتا ہے، اور قریب ہوتا ہے، اور عرفہ میں موجود حاجیوں کے ذریعے فرشتوں سے فخر کرتا ہے اور کہتا ہے کہ یہ لوگ کیا چاہتے ہیں؟ (دیکھئے: صحیح مسلم: 1348)
جس دن کی دعا تمام دعائوں میں سب سے افضل دعا ہے۔ (دیکھئے: سنن ترمذی: 3509)
جس دن غیر حاجی کے روزہ رکھنے سے اگلے اور پچھلے دو سال کے گناہ معاف ہوتے ہیں۔ (صحیح مسلم: 1162)
✍ ان دنوں میں ایک دن قربانی کا دن ہے جو اللہ کے نزدیک تمام دنوں میں سب سے عظیم دن ہے۔ (صحیح ابو داود: 1549)
جس دن حج کے اکثر وبیشتر اعمال انجام دئے جاتے ہیں۔
جس دن پوری دنیا میں عید الاضحی منائی جاتی ہے، عید کی نماز ادا ہوتی ہے، اور جانوروں کی قربانی کی جاتی ہے۔
✍ ان دنوں تکمیل دین، اتمام نعمت اور اسلام کو بطور دین پسند کئے جانے کا اعلان الہی ہوا۔ (دیکھئے: تفسیر سورہ مائدہ: 3)
✍ یہ ان عظیم الشان دنوں میں سے ہیں جن کی سلف صالحین بڑی قدر اور تعظیم کیا کرتے تھے۔
✍ معلوم ہوا کہ ماہ ذو الحجہ کے ابتدائی دس دن نہایت عظیم الشان، اہم ترین، گراں قدر اور قابل احترام دن ہیں۔ لہذا ہمیں چاہئے کہ ہم ان دنوں کی کما حقہ تعظیم کریں اور ان کی حرمت وعظمت کا بخوبی پاس ولحاظ رکھیں، کیونکہ یہ بے شک ایمان اور تقوی وپرہیزگاری کے تقاضوں میں سے ہے۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے:
*"ومن يعظم شعائر الله فإنها من تقوى القلوب."* (سورة الحج:32)
*"اور جو اللہ کی نشانیوں کی تعظیم کریں تو یہ دلوں کے تقوی کی وجہ سے ہے۔"*
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ *جاری* ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
آپ کا بھائی: افتخار عالم مدنی
اسلامک گائڈینس سنٹر "جبیل سعودی عرب"
No comments:
Post a Comment