Kya Mangani ke Bad Shadi karna jaruri ho jata hai?
Agar Mangani Hone ke bad kisi wajah se Mangani Tod sakte hai?
Asslam wa Alaikum
Sawal: Ek sawal hai ke jahan aap ney mangni (Ingagement) ki hai wahan har hal main Nikah karna lazmi hai ya nahi, ya mangni tor kar kisi or sey shadi ki ja sakti hai?
جواب تحریری
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
منگنی نکاح نہیں، بلکہ نکاح کا وعدہ ہوتا ہے یعنی فریقین یہ عہد و پیمان کرتے ہیں کہ فلاں لڑکی کا فلاں لڑکے سے نکاح کیا جائے گا، اس قول و اقرار کو پورا کرنا اخلاقی فرض سمجھا جائے، اگر کوئی معقول عذر ہو تو اس عہد و پیمان کو توڑا بھی جا سکتا ہے۔ اس کی صورت یہ ہو سکتی ہے کہ منگنی کے بعد فریقین میں سے کسی ایک پر دوسرے کا کوئی عیب ظاہر ہو جائے جو پہلے معلوم نہ تھا یا اسے دانستہ چھپایا گیا تھا تو ایسے حالات میں قول و قرار کو ختم کیا جا سکتا ہے لیکن کسی معقول وجہ کے بغیر اسے ختم کر دینا شرعا جائز نہیں۔ یہ بھی دوسری بدعہدیوں کی طرح ایک بدعہدی ہے جس کے متعلق اللہ کے ہاں باز پرس ہوگی۔
بہرحال ہمارے رجحان کے مطابق منگنی نکاح نہیں کیونکہ اس میں ایجاب و قبول اور دیگر شرائط نکاح مفقود ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اگر منگنی کے بعد لڑکا فوت ہو جائے تو لڑکی اس کی وارث نہیں ہو گی اور نہ ہی اس کے ذمے کوئی عدت وغیرہ ہے کیونکہ وہ فوت ہونے والے کی بیوی نہیں بلکہ اس کے لئے ابھی اجنبی کی حیثیت رکھتی ہے۔
بیوی کے لئے عقد نکاح کا ہونا ضروری ہے جو ابھی تک نہیں ہوا، ابھی تک تو نکاح کرنے پر اتفاق ہی ہوا تھا صرف اتنی چیز سے نکاح نہیں ہوتا، اس کے لئے دیگر لوازمات بھی ہوتے ہیں۔ قرآن کریم کے اندازِ بیان سے بھی یہی معلوم ہوتا ہے کہ منگنی اور نکاح میں فرق ہے کیونکہ اس میں دورانِ عدت خطبۃ النساء اور عقدۃ النکاح کو الگ الگ بیان کیا ہے۔ ارشاد باری تعالٰی ہے:
"اگر تم ایام عدت میں اشارہ کے طور پر عورتوں کو پیغام نکاح بھیجو یا نکاح کی خواہش کو اپنے دل میں مخفی رکھو تو تم پر کوئی گناہ نہیں۔"
آگے فرمایا: "اور جب تک عدت پوری نہ ہو جائے تم نکاح کا پختہ ارادہ نہ کرو۔" (البقرۃ:225)
اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ خطبۃ النساء اور عقدۃ النکاح دونوں الگ الگ چیزیں ہیں، اس سے یہ نتیجہ نکلتا ہے کہ صرف منگنی کر دینے سے نکاح نہیں ہوتا، یہ بات ہمارے ہاں عرف کے بھی خلاف ہے۔ اہل علم میں سے کسی نے بھی اس قسم کی بات نہیں کہی کہ منگنی سے نکاح ہو جاتا ہے۔ (واللہ اعلم)
ھذا ما عندی والله اعلم بالصواب
No comments:
Post a Comment