Roze Ke Masail Aur uska Jawab
روزے کے مسائل
تحریر : غلام مصطفٰی ظہیر امن پوری
سوال : روزہ کی حالت میں مسواک کی جا سکتی ہے؟
جواب : جائز ہے، کی جا سکتی ہے۔
سوال : رمضان میں شیاطین جکڑ دیئے جاتے ہیں، تو گناہ کیسے صادر ہوتے ہیں؟
جواب : صرف سرکش شیاطین جکڑے جاتے ہیں، گناہ کے اور بھی اسباب ہیں،مثلا خواہشات نفس اور دیگر لوگ۔
سوال : رمضان کے لیے کتنے لوگوں کی شہادت کافی ہے؟
جواب : ایک کی ۔
سوال : بعض لوگوں کے خیال میںپوری دنیا کے مسلمانوں کو سعودی عرب کے ساتھ رمضان شروع کرنا چاہئے، یہ بات کہاں تک درست ہے؟
جواب : درست نہیں،اکثر تکفیری اس طرحکی باتیں کرتے ہیں۔
سوال : اختلاف مطالع معتبر ہے کہ نہیں؟
جواب : معتبر ہیں۔
سوال : روزے کی نیت کب کرے گا؟
جواب : فجر سے پہلے پہلے۔
سوال : روزہ کی معروف نیت ،وبصوم غد نویت من شہر رمضان ثابت ہے؟
جواب : بدعت ہے۔
سوال : سینگی لگانے سے روزہ توٹتا ہے؟
جواب : نہیں ٹوٹتا۔
سوال : رات کو روزہ رکھنے کی نیت سے سویا ، بیدار ہوا تو سحری کا وقت ختم ہو چکا تھا،اب کیا کرے؟
جواب : نیت پر قائم رہے، سحری کے بغیر روزہ درست ہے۔
سوال : نفلی روزے کی نیت کب تک کر سکتا ہے؟
جواب : کسی بھی وقت۔
سوال : بغیر عذر کے نفلی روزہ توڑا جا سکتا ہے؟
جواب : جی ہاں!
سوال : رمضان کا روزہ شرعی عذر کے بغیر توڑنا کیسا ہے؟
جواب : رمضان کا روزہ جان بوجھ کر بلا شرعی عذر توڑ نا کبیرہ گناہ ہے، اس پر روزے کی قضا واجب ہے،کفارہ نہیں ۔
سوال : جمعہ کا دن روزہ کے لیے خاص کرنا کیسا ہے؟
جواب : درست نہیں!البتہ جمعرات یا ہفتہ کا روزہ بھی ساتھ رکھے تو درست ہے۔
سوال : خاوند کی اجازت کے بغیر نفلی روزہ رکھا جاسکتا ہے؟
جواب : نہیں!
سوال : نصف شعبان کے بعد بھی روزے رکھے جا سکتے ہیں؟
جواب : جی ہاں! جائز ہے۔
سوال : شوال کے چھ روزے مسلسل رکھے گا یا وقفے کے ساتھ؟
جواب : مسلسل بہتر اور اولیٰ ہے، البتہ وقفے سے بھی رکھے جا سکتے ہیں۔
سوال : عرفات میں حاجی یوم ''عرفہ'' کا روزہ رکھا سکتا ہے؟
جواب : نہیں!البتہ حاجیوں کے علاوہ دوسرے رکھ سکتے ہیں،اس کی بڑی فضیلت بیان ہوئی ہے۔
سوال : یوم عاشورا کو خوشی کا اظہار کرنا، صاف ستھرے کپڑے پہننا، سرمہ لگانا اور اہل خانہ کے لیے کھانے پینے کی فراوانی کرنا کیسا ہے؟
جواب : جائزنہیں۔
سوال : سحری کھانا ضروری ہے؟
جواب : نہیں! البتہ مستحب سنت ہے اور روزے کے آداب میں سے ہے۔
سوال : کھانا کھا رہا تھا، اذان ہوگئی توکیا کرے؟
جواب : کھانا جاری رکھے، ضرورت کے مطابق کھا لے۔
سوال : سورج غروب ہونے کایقین ہو گیا ، روزہ افطار کر دیا، بعد میں معلوم ہوا کہ ابھی سورج غروب نہیں ہوا، کیا کرے ؟
جواب : روزہ درست ہے، قضا یا کفارہ نہیں ہے۔
سوال : روزے کی حالت میں بھول کر بیوی سے جماع کر لیا، کیا اس پر قضا ہے؟
جواب : نہیں!
سوال : روزے کی حالت میں بیوی سے مباشرت کرتے ہوئے منی خارج ہو گئی تو کیا روزہ باقی ہے؟
جواب : جی! روزہ باقی ہے۔
سوال : دانتوں میں اٹکی ہوئی چیز کو حالت روزہ میں نگل لیا،روزے کا حکم ؟
جواب : روزہ درست ہے، کوئی حرج نہیں۔
سوال : روزے کی حالت میں سرمہ لگا سکتا ہے؟
جواب : جی! لگا سکتا ہے۔
سوال : بلغم نگل لیا ،روزے کا حکم؟
جواب : روزہ برقرار ہے،یہ تھوک کی مانند ہے۔
سوال : بھول کر کھا پی لیا ،روزے کا حکم؟
جواب : روزہ برقرار ہے،اسے پورا کرے۔
سوال : گردو غبار یا آٹے کے ذرات سے روزے پر کچھ اثر پڑتا ہے؟
جواب : نہیں، ان سے بچنا ممکن نہیں۔
سوال : کلی کرتے وقت پانی حلق میں اتر گیا، روزے کا کیا حکم ہے؟
جواب : روزہ باقی ہے، اس نے کون سا جان بوجھ کر پانی حلق سے نیچے اتارا ہے۔
سوال : کیا کان ، آنکھ اور ناک میں قطرے ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : بالکل نہیں!
سوال : ٹیکہ لگوانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : نہیں ٹوٹتا، کیونکہ یہ کھانے پینے کے قائم مقام نہیں۔
سوال : رمضان کے روزوں کی قضا باقی ہے،کیا نفلی روزے رکھ سکتا ہے؟
جواب : رکھ سکتا ہے۔
سوال : ناک ، کان اورآنکھ میں دوائی ڈالنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے کیا؟
جواب : نہیں ٹوٹتا ۔
سوال : کان میں پانی چلا جائے یا قصد ا ڈالا جائے ،تو کیا روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : نہیں ٹوٹتا۔
سوال : نکسیر پھوٹنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : نہیں!اسی طرح دانتوں سے خون بہنے سے بھی روزہ نہیں ٹوٹتا۔
سوال : ڈرپ لگوانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : جی ہاں! ٹوٹ جاتا ہے، ڈرپ کھانے پینے کے قائم مقام ہے، جو چیز کسی چیز کے قائم مقام ہوتی ہے، اس کا حکم بھی اسی چیز والا ہوتا ہے۔
سوال : روزہ میں احتلام ہو گیا تو کیا روزہ درستہے؟
جواب : درست ہے، کیونکہ یہ اس کے اختیار میں نہیں، سویا ہوا انسان مرفوع القلم ہے۔
سوال : ٹیسٹ کے ایسے آلات جو معدے تک پہنچ جاتے ہیں،ان سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : نہیں ٹوٹتا۔
سوال : غسل کرنے اور تیل لگانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : نہیں ٹوٹتا۔
سوال : جنبی ہے،سحری کا وقت جا رہا ہے،اب کیا کرے؟
جواب : پہلے روزہ رکھ لے،پھر غسل کر لے۔
سوال : سحری کے وقت ماہواری ختم ہو ئی ،اب کیا کرے؟
جواب : روزہ رکھے۔
سوال : حیض ونفاس سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : جی ہاں ! ٹوٹ جاتا ہے۔
سوال : روزے کی نذر مانی ،وہ نذر پوری ہونے سے پہلے فوت ہوگیا ،اب؟
جواب : یہ نذر اس کا ولی پوری کرے گا۔
سوال : رمضان کے روزے رہ گئے،قضائی دینے سے پہلے فوت ہوگیا،حکم؟
جواب : اس کی طرف سے روزے نہیں رکھے جائیں گے۔
سوال : حاملہ یا دودھ پلانے والی روزہ رکھے گی؟
جواب : اختیار ہے،اگر روزہ نہ رکھے تو ہر روزے کے بدلے ایک مسکین کو کھانا کھلا دے،قضائی نہ دے۔
سوال : دودھ پلانے سے روزہ ٹوٹتا ہے کیا؟
جواب : نہیں۔
سوال : غشی یا بیہوشی سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : نہیں۔
سوال : سفر میں روزہ رکھ لے؟
جواب : مشقت نہ ہو تو رکھ لے۔
سوال : دائمی مریض روزہ چھوڑ دے، تو اس پر کیا ہے؟
جواب : ہر روزے کے بدلے ایک مسکین کو کھانا کھلا دے۔
سوال : روزے کی حالت میں بیوی سے جماع کر لیا تو کیا کرے؟
جواب : دوماہ مسلسل روزے رکھے،طاقت نہ پائے تو ساٹھ مساکین کو کھانا کھلادے۔
سوال : ٹوتھ پیسٹ سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : نہیں ٹوٹتا۔
سوال : غیر مسلم کے ہاں روزہ افطار کیا جاسکتا ہے؟
جواب : جائز ہے۔
سوال : دوائی وغیرہ سے روزہ افطار کیا جاسکتا ہے؟
جواب : کیا جاسکتا ہے۔
سوال : سخت گرمی کی وجہ سے مزدور یا زمیندار روزہ چھوڑ سکتا ہے؟
جواب : اس کے لئے روزہ چھوڑنا حرام ہے۔
سوال : عذر کی بنا پر روزہ توڑ دیا تو حکم؟
جواب : قضا لازم ہے۔
سوال : غیر روزہ دار شوہر نے روزہ دار بیوی سے جما ع کر لیا ۔حکم؟
جواب : بیوی کا روزہ فاسد ہے۔
سوال : روزے کی استطاعت نہ ہو تو کیا کرے؟
جواب : بوڑھا آدمی جو استطاعت نہیں رکھتا وہ روزہ نہ رکھے،بل کہ ہر روزے کے بدلے ایک مسکین کو کھانا کھلا دے۔
سوال : روزے کی حالت میں بیوی سے بوس و کنار کر سکتا ہے؟
جواب : اگر نفس پر قابو ہے ،تو کر سکتا ہے۔
سوال : بیوی کو دیکھا، منی خارج ہو گئی، روزے کا کیا حکم ہے؟
جواب : روزہ درست ہے، اسے مکمل کرے۔
سوال : روزے کی حالت میں Inhalor کا استعمال کیسا ہے؟
جواب : درست ہے ،کوئی حرج نہیں۔
سوال : روزے کی حالت میں خون دیا جا سکتا ہے؟
جواب : دیا جا سکتا ہے،اجتناب بہتر ہے۔
سوال : بوقتِ ضرورت روزے کی حالت میں ہنڈیا میں نمک چکھا جا سکتا ہے؟
جواب : زبان پر رکھ کر چکھ لے،حلق سے نیچے نہ اُتارے تو کوئی حرج نہیں۔
سوال : قے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟
جواب : قے خود بخود آ جائے تو روزہ نہیں ٹوٹتا،اگر جان بوجھ کر قے کرے تو روزہ ٹوٹ جاتا ہے، اس پر دلیل اجماعِ امت ہے۔
سوال : روزے کی حالت میں ناک میں رینٹھ آئی ،اسے حلق میں اتار لیا ،کیا روزہ ٹوٹ جائے گا؟
جواب : نہیں ٹوٹے گا۔
سوال : خوشبو سونگھنا روزے پر اثر انداز ہو گا؟
جواب : نہیں
سوال : لیلۃ القدر کی تلاش کب کرنی چاہئے؟
جواب : رمضان کے آخری عشرہ کی پانچ طاق راتوں میں ،صرف ستائیسوں رات پر اکتفا درست نہیں۔
سوال : اعتکاف کا حکم ؟
جواب : مستحب سنت ہے۔
سوال : عورت گھر میں اعتکاف کر سکتی ہے؟
جواب : نہیں!خلاف شرع ہے،اعتکاف کی جگہ مسجد ہے۔
سوال : اعتکاف کب بیٹھے گا؟
جواب : بیسویں روزے کو غروب آفتاب سے پہلے اعتکاف کی نیت سے مسجد میں داخل ہو جائے، رات بھر عبادت میں گزارے، نماز فجر کے بعد خیمہ میں داخل ہو جائے۔
سوال : دورانِ اعتکاف مسجد میں سگریٹ نوشی کرنا کیسا ہے؟
جواب : حرام ہے۔
سوال : معتکف غسل کر سکتا ہے؟
جواب : جی ہاں! کر سکتا ہے۔
سوال : اعتکاف میں احتلام ہو گیا تو کیا کرے؟
جواب : غسل کر لے۔
سوال : بعض لوگ کہتے ہیں کہ بلا عذر مسجد سے نکل گیا تو اعتکاف باطل ہے، کہاں تک درست ہے؟
جواب : یہ ان کے منہ کی بات ہے، اس پر شریعت کی کوئی دلیل نہیں۔
No comments:
Post a Comment