find all Islamic posts in English Roman urdu and Hindi related to Quran,Namz,Hadith,Ramadan,Haz,Zakat,Tauhid,Iman,Shirk,daily hadith,Islamic fatwa on various topics,Ramzan ke masail,namaz ka sahi tareeqa

Jnaza ke Ahem Mashail o Ahkam (part 5)

Janaza KE Ahkaam O MAsail
MAiyyat KE TAhjeej O Takfeen KA Intezam
جنازہ کے اہم مسائل واحکام*    ( پانچویں قسط)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
✒مقبول احمد سلفی
اسلامک دعوۃ سنٹر، شمالی طائف (مسرہ)
*(41)وصیت کا نفاذ اور ترکہ کی تقسیم :
میت کی تدفین کے بعد انہوں نے حقوق العباد یا دین وخدمت سے متعلق جو وصیت کی ہو اس کا نفاذ عمل میں لایا جائے ۔ قرض سے متعلق وصیت کا نفاذ تو میت کی تدفین سے قبل ہی ہونا ہے بقیہ وصیتیں تدفین کے بعد جس قدر جلدی ہو سکے نافذ کردینا چاہئے الا یہ کہ اس میں تاخیر کی وجہ اورمعقول گنجائش ہو۔ کسی وارث کے لئے جائز نہیں ہے کہ میت کی مالی وصیت ترک کرکے اپنے لئے مال جمع کرے اور نہ ہی بلاوجہ تاخیر کرے ۔ وصیت کے علاوہ بچنے والے مال کو میت کے وارثین میں منصفانہ تقسیم کرے ۔وراثت کی تقسیم سے قبل وارثوں کا حصہ جاننے کے لئے علم الفرائض کے عالم سے رجوع کرے اور یہ بات دھیان میں رکھے کہ تاخیر سے وراثت کی تقسیم وارثوں میں اختلاف اور تنازع کا سبب بن سکتی ہے ۔ بسااوقات زوروقوت والا وارث ضعیف وارثوں کا حق مارلیتا ہے یہ بڑا ظلم ہے اللہ کے یہاں اس کا سخت محاسبہ ہوگا۔ وراثت میں بیٹیوں کا حصہ نہیں نکالاجاتا ہے جوان کے حق میں ظلم کے ساتھ وراثت کے باب میں اس زمانے کا بہت بڑا المیہ ہے ۔ مسلمانوں کو بطور خاص علماء وغیرشادی شدہ نوجوانوں کو سماج سے جہیز کی رسم مٹانے اور بیٹیوں کو وراثت میں حق دینے کا کوئی ٹھوس لائحہ عمل منظور کرنا چاہئے تاکہ نکاح اور وراثت میں شرع کی بالادستی قائم ہوسکے۔
*(42) میت اور احوال قبر:*
میت کی تدفین کے بعد اس کے حالات دنیاوی حالات سے مختلف ہوجاتے ہیں ۔ موت سے قبل اسے دنیاوی زندگی حاصل تھی اب وفات کے بعد برزخ کی زندگی مل رہی ہے۔برزخ موت کے بعد سے لیکرقیامت تک کے درمیانی وقفے کو بولتے ہیں اور برزخ کے معاملہ کو کسی بھی طرح دنیا وی معاملات پر قیاس نہیں کیا جائے گا۔ ویسے بھی عالم برزخ اور قبر کے حالات غیبی امور میں سے ہیں ان میں اٹکل لگانا، بلادلیل کوئی بات کہنا یا رائے وقیاس کرنا بالکل ممنوع ہے۔ میت کی بزرخی زندگی سے متعلق کتاب وسنت میں جتنی دلیل وارد ہے بس اتنی ہی ذکر کی جائے گی ۔ مثلا قبر میں میت کی تدفین کے بعد سوال کے لئے منکرنکیر آتے ہیں ، مومنوں کو سوال کے وقت ثابت قدمی اور کافروں کو رسوئی نصیب ہوتی ہے ۔ مومنوں کو قبرمیں انواع واقسام کی نعمت اور کافروں کو مختلف قسم کاعذاب ملتا ہے، مسلمانوں میں سے گنہگاروں کو بھی عذاب ملتا ہے ۔ میت کے بولنے ، سننے اور جواب دینے کی دلیل ملتی ہے مگر یہ بولنا، سننا اور جواب دینا خاص مواقع سے متعلق ہے اور یہ برزخ کا معاملہ ہے قبر میں بولنے ،سننے اور جواب دینے کو دنیا میں بولنے ،سننے اور جواب دینے پر قیاس نہیں کرسکتے ۔اس لئے ہم مردے کو اپنی بات نہیں سناسکتے اور نہ وہ ہماری پکار کو سنتے اور جواب دیتے ہیں ۔
اس کو ایک مثال سے اس طرح سمجھ لیں کہ جس میت کو دفن نہیں کیا جاتا کئی دنوں یا مہینوں تک اسٹور کرکے رکھا جاتا ہے آخر اس سے بھی منکر نکیر سوال کرتے ہیں اور میت جواب دیتا ہے ۔ کیا کسی نے ایسے بے گوروکفن میت کو بولتے دیکھا ہے ؟۔ قرآن آل فرعون پر صبح وشام آگ کا عذاب پیش کئے جانے کا ذکر ہے ، فرعون کی لاش لوگوں کے سامنے ہے کسی نے آگ نہیں دیکھی اور نہ ہی فرعون کو درد والم سے روتے ہوئے دیکھا ہے۔نیند میں لوگ باتیں کرتے ہیں جبکہ بغل میں جاگنے والا اس آدمی کی آواز نہیں سنتا ۔ اس مثال سے مقصود یہ ہے کہ بزرخ کے معاملہ کو دنیا پر ہرگز ہرگز قیاس نہیں کیا جائے گا۔ اور عذاب جسم وروح دونوں کو ہوتا ہے ۔
جب ہمیں یہ معلوم ہوگیا کہ قبر کا معاملہ غیبی ہے اس کے متعلق ہم اتنا ہی جانتے ہیں جتنا قرآن وحدیث میں بیان کیا گیا ہے اور مردے ہماری پکار نہیں سنتے ،نہ ہی انہیں ہمارے حال کی کوئی خبر ہوتی ہے ۔ لہذا مردوں کو پکارنا جہالت، ان سے مدد مانگنا شرک اور ان کے لئے غیرشرعی امور انجام دینا بدعت وخرافات ہے۔ ہمیں میت کے حق میں زیادہ سے زیادہ استغفار کرنا چاہئے اور ان کی طرف سے ایصال ثواب کے طور پر صدقہ وخیرات بھی کرسکتے ہیں ۔
*(43) میت کا خواب میں آنا:*
یہ ممکن ہے کہ کوئی شخص کسی جانے پہچانے میت کو خواب میں دیکھے ، اپنے رشتہ داروں کو بھی خواب میں دیکھ سکتا ہے ، کوئی عالم یا بزرگ بھی خواب میں آسکتے ہیں حتی کہ نبی ﷺ کو بھی خواب میں دیکھا جاسکتا ہے ۔ خواب کی نوعیت مختلف ہوسکتی ہے ، کبھی خواب سچا ہوسکتا ہے یعنی میت کی کیفیت واحوال معلوم ہوسکتے ہیں تو کبھی شیطان ڈرانے کی غرض سے میت کى شکل اختیار کرکے خواب میں آسکتا ہے ۔ ڈراؤنی خواب سے اللہ کی پناہ طلب کی جائے اور عمدہ خواب ہوتو اس کے ماہر سے تعبیر معلوم کیا جائے۔
خواب کے نام پر بدعتیوں میں گورکھ دھندے کئے جاتے ہیں ، خوابوں کو اپنے من سے تراش کر لوگوں میں بیان کئے جاتے ہیں کہ میں نے فلاں کو خواب میں دیکھا ، فلاں برزگ خواب میں مجھے یہ پیغام دے رہےتھے ، مدینہ کے شیخ نے خواب میں ایسا دیکھا، فلاں ولی نے مجھے نور کا تاج پہنایا۔ وغیرہ اس وقت تو حد ہوجاتی ہے جب بدعتی اپنی شہرت کے لئےمصنوعی خوابوں کو نبی ﷺ کی طرف منسوب کردیتا ہے ۔الیاس قادری کےیہاں ایسے بے شمار خواب ہیں ۔
قادری صاحب کے یہاں باقاعدہ خواب اور کشف وکرامات کا ایک مستقل شعبہ ہے جہاں لوگ اپنی مرضی سے جب چاہیں اور جیسے چاہیں خواب دیکھتے ہیں شرط یہ ہے کہ خواب قادری صاحب کے حق میں دیکھے جائیں ورنہ سخت عتاب ہے۔ مفتی ابوداؤد قادری نے الیاس قادری کے نام ایک مکتوب میں ان کی پول کھول دی ہے اور مخالفات بریلویہ پہ زبردست سرزنش کی ہے ۔اس مکتوب میں خواب سے متعلق لکھتے ہیں کہ امیر دعوت اسلامی کی تشہیر ونمائش کے لئے خوابوں اور کشف وکرامات کا بھی باقاعدہ شعبہ ہے جہاں سے بکثرت اور مسلسل اس قسم کی نمائشی چیزوں کی اشاعت ہوتی رہی ہے ۔دعوت اسلامی کے ایک مبلغ نے خواب دیکھا کہ حضور ﷺ نے اس سے ارشاد فرمایا: الیاس قادری کو مجھ رحمۃ للعالمین کا سلام فرمانا اور ان سے کہنا کہ تم خود ابراہیم قادری کو گلے لگالو،جب الیاس قادری سے یہ خواب بیان کیا تو کہا اسے لوگوں میں بیان مت کرو ورنہ امت میں فساد پھیلے گاجب دعوت اسلامی کے اراکین میں یہ بات آئی تو کہا معاذاللہ کیا سرکارﷺ امت میں فساد ڈالنے کے لئے پیغام بھیج رہے ہیں؟
الیاس قادری کی بہن نے خواب دیکھا کہ ایک بار اس کے والدنوارانی چہرے والے ایک بزرگ کے ساتھ تشریف لائے ، میرا ہاتھ پکڑکر کہا بیٹی ! تم ان کو پہنچانتی ہو؟ یہ ہمارے میٹھے میٹھے مدنی آقا ﷺ ہیں ۔ پھر شہنشاہ رسالت مجھ پر شفقت کرنے لگے اور کہا تم نصیب دار ہو۔
اسی بہن نے ایک اور خواب سنا یاکہ بڑے بھائی جان نے مجھے خواب میں اپنی قبر کے حالات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا جب مجھے قبر میں رکھا گیا اور میری طرف عذاب بڑھا تو بھائی الیاس کا ایصال میرے عذاب کے درمیان حائل ہوگیا۔
ایک بارخود الیاس قادری نے خواب دیکھا ایک مجلس سجی ہوئی ہے ، جس میں صحابہ کرام حاضر خدمت ہیں، اعلی حضرت بھی حاضر خدمت ہیں ،آپ یعنی الیاس کے سر پر عمامہ ہے ۔حضور نے اعلی حضرت کے سرسے عمامہ اتارکر الیاس قادری کے سر پر رکھ دیا۔ نعوذباللہ من ذلک
الیاس قادری کی کتاب فیضان سنت میں مذکور ہے ایک شخص نے خواب دیکھا کہ حضور ﷺ الیاس عطار کے والد سے اس کا تعارف کرارہے ہیں ، الیاس عطار کے والد نے اس شخص سے کہا الیاس عطار کو کہنا اس کی امی نے بھی سلام بھیجا ہے ۔ اس واقعہ پر مفتی ابوداؤد قادری نے لکھا ہے کہ خواب دیکھنے والا فخر سے کہہ رہاہے کہ میں نے الیاس عطار کے والد سے مصافحہ کرنے کی سعادت حاصل کی جبکہ فخر تو اسے حضور ﷺ سے مصافحہ کرکے کرنا چاہئے تھا۔ حضور ﷺ کو اس نے اہمیت نہیں دی ۔ مزید آگے لکھتے ہیں : کیا الیاس عطار کی امی کا سلام بھیجنا اس بات کا ثبوت نہیں ہے کہ الیاس عطار منگھڑت خوابوں کے ذریعہ اپنے سارے خاندان کے تعلقات حضور ﷺ سے دکھانا چاہتے ہیں؟
*(44) قبر ستان میں نماز پڑھنے کا حکم:*
نہایت افسوس ناک امر ہے کہ جس کام سے نبی ﷺ نے اپنی امت کو وفات کے وقت منع کیا تھا لوگ اس کام سے بھی باز نہیں آئے ۔ذرا حدیث رسول ﷺ پڑھیں اور امت مسلمہ کی حالت زار پر غور فرمائیں ۔ ام المومنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں :
قال رسولُ اللهِ -صلى الله عليه وسلم -في مَرَضِه الذي لم يَقُمْ منه : لعنّ اللهُ اليهودَ والنَّصارى ؛ اتخذُوا قبورَ أنبيائِهم مساجدَ . لولا ذلك أبرزَ قبرَه ، غيرَ أنه خَشِيَ ، أو خُشِيَ أَنْ يُتَّخَذَ مسجدًا .(صحيح البخاري: 1390)
ترجمہ: رسول صلی اللہ علیہ وسلم اپنے جس مرض سے صحت یاب نہ ہو سکے اسمیں فرمایا :اللہ تعالی کی لعنت ہو یہود ونصاری پر کہ ان لوگوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو سجد گاہ(عبادت کی جگہ )بنالیا ،حضرت عائشہ بیان فرماتی ہیں کہ اگر یہ بات نہ ہوتی تو آپ کی قبر باہر بنائی جاتی مگر یہ خوف لاحق تھا لوگ آپ کی قبر کو مسجد بنالیں گے۔
نبی ﷺ کی بیماری کے وقت کے اس فرمان سے قبروں کو سجدہ گاہ بنانےکی شدت کا پتہ چلتا ہے لیکن افسوس در افسوس مسلمانوں نے نبی ﷺ کے اس فرمان کی بھی قدر نہیں کی اور لوگوں کی قبروں پہ عبادت گاہ تعمیر کرلئے ۔
قبرستان وہ جگہ ہے جہاں مردوں کو دفن کیا جاتا ہے ، وہ نماز پڑھنے کی جگہ نہیں ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
اجعلوا في بيوتِكم من صلاتِكم، ولا تتَّخِذوها قبورًا (صحيح البخاري:1187)
ترجمہ: اپنے گھروں میں نماز پڑھو اور انہیں قبرستان نہ بناؤ ۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ قبرستان وہ جگہ ہے جہاں نماز نہیں پڑھی جائے گی بلکہ بصراحت رسول اللہ ﷺ نے قبرستان میں نماز پڑھنے سے بھی منع کیا چنانچہ آپ ﷺ کا فرمان ہے :
الأرضُ كلَّها مسجدٌ إلَّا المقبرةَ والحمَّامَ(صحيح الترمذي:317)
ترجمہ: ساری زمین مسجد (نماز پڑھنے کی جگہ ہے) سوائے قبرستان اور غسل خانہ کے ۔
مذکورہ بالا دلائل سے معلوم ہوا کہ قبرستان میں نماز نہیں پڑھی جائے گی اور نہ ہی نماز پڑھنے کے لئے وہاں مسجد بنائی جائے گی نیز اگر کسی مسجد میں قبر ہو تو وہاں بھی نماز کا یہی حکم ہے ۔جو قبرستان میں یا قبروں پہ نماز پڑھتے ہیں وہ سب سے برے لوگ ہیں ۔ رسول اللہ ﷺ کا فرمان ہے :
واعلَمُوا أنَّ شَرَّ الناسِ الذين اتَّخذُوا قُبورَ أنْبيائِهمْ مَساجِدَ(صحيح الجامع:233)
ترجمہ: اور جان لو !بدتر ین لوگ وہ ہیں جنہوں نے انبیاء کی قبروں کو مسجدیں بنالیں۔
اسی طرح قبروں کی طرف منہ کرکے نماز پڑھنا یا قبر کے پاس نماز پڑھنا جائز نہیں ہے ، اگر نماز قبر والے کے لئے ہوتو شرک اکبر ہے ۔ قبرکے پاس نماز پڑھنے یا قبرکی طرف منہ کرکے نماز پڑھنے کی ممانعت والی دلیل "قبروں کو سجدہ گاہ نہ بناؤ" بھی ہے کیونکہ اس حدیث کا معنی ہے قبرکی طرف منہ کرکے نماز پڑھنا یا قبر کے پاس نماز پڑھنا منع ہے ۔ دوسری حدیث میں صراحت کے ساتھ قبر کی طرف نماز پڑھنے سے منع کیا گیا ہے ۔ نبی ﷺ کا فرمان ہے :
لا تجلِسوا على القبورِ ولا تصلُّوا إليها(صحيح مسلم:972)
ترجمہ: قبروں پرنہ بیٹھو اور نہ ہی ان کی طرف نماز پڑھو۔
لہذا قبرستان میں یا اس کی حدود میں بنی مسجد میں نماز پڑھنا جائز نہیں ہے ، نہ ہی اس مسجد میں نماز جائز ہے جس میں قبر ہو ۔ اگر کسی کی نماز جنازہ چھوٹ گئی ہوتو وہ قبر کے پاس قبلہ رخ ہوکر نماز جنازہ ادا کرسکتا ہے بس ،باقی نوافل یا پنچ وقتہ نمازیں قبرپہ یا قبرستان میں یا قبرستان کی مسجد میں جائز نہیں ہے ۔ بعض قبرستان کے بغل میں یا کونے پر یعنی قبرستان کی باؤڈری سے الگ مسجد بنی ہوتی ہے اس مسجد کا کوئی مسئلہ نہیں ہے کیونکہ وہ قبرستان میں داخل نہیں ہے۔
*(45)قبروں کی زیارت کے اقسام :*
قبروں کی زیارت کے متعلق عوام میں بڑی غلط فہمیاں ہیں ، قبورومزارات کی زیارت کے لئے ایک جگہ سے دوسری جگہ کا سفر کیا جاتا ہے جوکہ ناجائزوممنوع ہے۔آج کل تو قبروں کے نام سے گرانقدر تجارت کی جاتی ہے ، وہاں عجیب وغریب کرشمے دکھاکر لوگوں کو اپنے فریب کا شکار بنایا جاتا ہے ۔ قبروں کا طواف، عرس ومیلے، غیراللہ کے لئے نذرونیاز،قبروں کو سجدہ ، مردوں سے استغاثہ ، مجاروں کے شیطانی کرشمے ، عورتوں کی عفت وعصمت سے کھلواڑ جیسے بڑے بڑے گناہ کئے جاتے ہیں ۔ یہ بات صحیح ہے کہ قبروں کی زیارت مسنون ہے مگر قبر اور مردوں کے نام پر تجارت کرنا سراسر ایمان کے منافی ہے ۔ حیرت ہے ان لوگوں پر جو قبروں کی مسنون زیارت کی بجائے یہاں اپنا ایمان ضائع کرتے اور کرواتے ہیں ۔ نیچے میں قبروں کی زیارت کے اقسام بیان کرتا ہوں تاکہ ہمیں زیارت قبور کے سلسلے میں صحیح رہنمائی مل سکے ۔ قبروں کی زیارت کے تین اقسام ہیں ۔
*(1)پہلی قسم :* یہ مردوں کے ساتھ خاص اور عورتوں کے حق میں کبھی کبھار مشروع ہے۔ وہ یہ ہے کہ قبروں کی زیارت اہل قبور کے لئے دعا اور آخرت کی یاد دہانی کے لئے ہونبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے :
زوروا القبورَ فإنَّها تذَكِّرُكمُ الآخرةَ(صحيح ابن ماجه:1285)
ترجمہ : تم قبروں کی زیارت کرو، اس سے آخرت یاد آئے گی۔
ایک دوسری حدیث کے الفاظ اس طرح ہیں ۔
كنتُ نهيتُكم عن زيارَةِ القبورِ ألا فزورُوها ، فإِنَّها تُرِقُّ القلْبَ ، و تُدْمِعُ العينَ ، وتُذَكِّرُ الآخرةَ ، ولا تقولوا هُجْرًا(صحيح الجامع:4584)
ترجمہ:میں نے تمہیں زیارت قبور سے روکا تھا لیکن اب تم ان کی زیارت کیا کرو کہ اس سے رقت قلب پیدا ہوتی ہے، آنکھیں پرنم ہوتی ہیں اور آخرت کی یاد آتی ہے اور بری بات نہ کہو۔
اس حدیث میں زیارت قبر کا جو مقصد بیان کیا گیا اس کا محتاج عورت بھی ہے اور یہاں زیارت قبر میں مردوں کی طرح عورت بھی شامل ہے،آپ ﷺ نے لعنت صرف ان عورتوں پر بھیجی ہے جو بکثرت قبروں کی زیارت کرتی ہے اور جو کبھی کبھار زیارت کرے اس پر لعنت نہیں ہے۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان دیکھیں :
لعنَ رسولُ اللَّهِ صلَّى اللَّهُ عليْهِ وسلَّمَ زوَّاراتِ القبورِ(صحيح ابن ماجه:1290)
ترجمہ : نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے زیادہ قبروں کی زیارت کرنے والی عورتوں پر لعنت فرمائی ہے۔
عورت کا قبروں کی زیارت کرنے سے متعلق کئی دلائل ملتے ہیں جیسے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کا اپنے بھائی عبداللہ عبدالرحمن کی قبر کی زیارت کرنا ، آپ رضی اللہ عنہا کا رسول اللہ ﷺ سے زیارت قبر کی دعا پوچھنا اور قبرکے پاس بیٹھی رونے والی عورت کو نبی ﷺ کا دلاسہ دینا وغیرہ ۔ اس لئے دلائل کی رو سے عورتوں کا کبھی کبھار قبروں کی زیارت کرنا قوی معلوم ہوتا ہے۔
*(2) دوسری قسم :* یہ کہ قبر کے پاس قرات کرنے کے لئے،یا وہاں نماز پڑهنے کے لئے ، یا وہاں ذبح کرنے کے لئے جایا جائے تو یہ بدعت ہے اور شرک کے وسائل میں سے ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے:
من عملَ عملا ليسَ عليهِ أمرُنا فهو ردٌّ(صحيح مسلم:1718)
ترجمہ : جس نے کوئی ایسا کام کیا جو دین میں سے نہیں تو وہ باطل و مردود ہے۔
*(3) تیسری قسم :* یہ ہے کہ قبر کی زیارت میت کے لئے ذبیحہ پیش کرنے اور اس سے ان کا تقرب حاصل کرنے یا اللہ کے علاوہ میت کو پکارنے کی غرض سے یا ان سے مدد مانگنے کی نیت سے ہو تو یہ شرک اکبر ہے،گرچہ میت نبی یا صالح یا ان کے علاوہ ہی کیوں نہ ہو۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے:
إِنَّهُ مَن يُشْرِكْ بِاللَّهِ فَقَدْ حَرَّمَ اللَّهُ عَلَيْهِ الْجَنَّةَ وَمَأْوَاهُ النَّارُ ۖ (المائدة:72)
ترجمہ : جو اللہ کے ساته شرک کرتا ہے اللہ اس پر جنت کو حرام کردے گا اور جہنم اس کا ٹهکانہ ہے۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ان شاء اللہ*
Share:

No comments:

Post a Comment

Translate

youtube

Recent Posts

Labels

Blog Archive

Please share these articles for Sadqa E Jaria
Jazak Allah Shukran

Most Readable

POPULAR POSTS